Tag Archives: Cricket

اردو زبان میں دنیائے کرکٹ کی پہلی ویب سائٹ کرک نامہ کی دوسری سالگرہ؛ نیا لے آؤٹ اور جدید خصوصیات متعارف

کراچی(11 جنوری 2013 / ایشیانیت باکستان) کرکٹ پر دنیا کی پہلی اردو ویب سائٹ کرک نامہ  نے سال 2013ء کے آغاز پر ویب سائٹ کی دوسری سالگرہ منائی۔ اس موقع پر انتظامیہ نے نئے لے آؤٹ ، خوبصورت لوگو اور متعدد خصوصیات کا افتتاح کیا، جو کسی بھی جدید ویب سائٹ کے لیے درکار تمام تر لوازمات سے لیس ہے۔ ویب سائٹ کے نئے لے آؤٹ کا باضابطہ افتتاح کراچی میں ایک خصوصی تقریب میں کیا گیا جس میں  اہم اردو بلاگرز نے شرکت کی۔

کرک نامہ نے سال 2011ء میں عالمی کپ سے قبل اس عزم کے ساتھ آغاز لیا تھا کہ وہ پاکستان و ہندوستان کے کروڑوں شائقین کرکٹ کو اُن کی اپنی زبان اردو میں دنیائے کرکٹ کے تمام اپڈیٹس (خبریں) دے گا اور عالمی کپ 2011ء سے لے کر ورلڈ ٹی ٹوئنٹی 2012ء اور اب پاک-بھارت تاریخی سیریز تک اس نے اس عہد کی بھرپور تکمیل کی ہے۔

کرک نامہ کی خاص بات صرف یہ نہیں کہ یہاں پر کرکٹ کی خبریں آتی ہیں، بلکہ یہ ایک مکمل انٹرایکٹو ویب سائٹ ہے۔ اس میں تازہ ترین اسکور کارڈز سے لے کر وڈیوز، مقابلوں و کھلاڑیوں کی تصاویر، ماضی کی یادوں، آج کےدن کی تاریخی اہمیت، ریکارڈز، اعدادوشمار اور عالمی درجہ بندی کے علاوہ کھلاڑیوں اور اہم شخصیات کے انٹرویوز بھی شامل ہوتے ہیں۔

اس موقع پر ویب سائٹ کے بانی و مدیر فہد کیہر نے کہاکہ “دو سال کی تکمیل اور اس پر نئے لے آؤٹ کا آغاز کرک نامہ کی تاریخ میں ایک اہم سنگ میل ہے اور  خوش آئندبات یہ ہے کہ یہ اہم موقع اس وقت آیا، جب پاکستان  اور بھارت کے درمیان ایک تاریخی سیریز اپنے اختتامی مرحلے میں تھی۔ ہماری نظریں دنیا بھر میں مقیم اردو بولنے اور سمجھنے والے افراد کو دنیائے کرکٹ کی سرگرمیوں کے جامع ترین تجزیوں اور معلومات فراہم کرنے پر مرکوز ہے۔”

کرک نامہ کا نیا لے آؤٹ قطر میں مقیم معروف پاکستانی ڈیزائنر خاور بلال  نے تیار کیا ہے جبکہ اسے مشہور پاکستانی ویب ڈیزائنر ساجد اقبال نے عملی قالب میں ڈھالا ہے۔

دنیائے کرکٹ میں ہونے والے حالات و واقعات سے باخبر رہنے کے لیے کرک نامہ کو فیس بک صفحہ لائک کریں، ٹویٹر پر فالو کریں یا گوگل + پر شامل کریں۔ مزید معلومات کے لیے رابطہ کریں http://cricnama.com/contact/ یا ای میل کریں contact@cricnama.com۔